مودی حکومت گونگی، بہری ہے، کرنسی پر پابندی سے عوام فقیر بن گئے : ممتا بینرجی
نئی دہلی (کے پی آئی ) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابینرجی نے کہا ہے کہ مودی حکومت، عوام کو درپیش مشکلات سمجھنے سے قاصر ہے جو کہ نوٹ بندی کے بعد فقیر بن گئے ہیں۔ انہوں نے ایک جلسہ میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عوام کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے وینزویلا میں نوٹ بندی کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلی گئی لیکن مودی حکومت، کسی کی بھی نہیں سن رہی ہے۔ یہ ایک گونگی اور بہری حکومت ہے۔ ممتا بینرجی نے کہا کہ عام آدمی کو مسائل کا ادراک ہے لیکن ہمارے وزیراعظم کی عقل اندھی ہوگئی ہے۔ پتہ نہیں کہ ان کا دماغ روشن ہوگا اور حقیقت کو محسوس کریں گے اس وقت تک ملک میں طوائف الملوکی پھیل جائے گی۔ انہوں نے کہا انتخابات سے قبل خود کو چائے والا بتانے والے مودی اب کروڑپتی بن گئے ہیں۔ سابق بھارتی خزانہ پی چدم برم نے بڑی مالیت کے نوٹوں کی تنسیخ کو ایک تاریخی سانحہ اور غریب دشمن اقدام قرار دیا۔