• news

تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے وزارتوں سے رابطہ کرینگے: ایاز صادق

لاہور (کامرس رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وہ تاجروں کو درپیش مسائل حل کرانے کے لیے وزارتوں اور اعلیٰ حکام سے رابطہ کریں گے، تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسے بہترین کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان کی سربراہی میں لاہور چیمبر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کے دیگر اراکین میں تنویر احمد، شیخ محمد ابراہیم، عدنان خالد بٹ، میاں عبدالرزاق، میاں زاہد جاوید، طارق محمود، چودھری خادم حسین، معظم رشید، میاں محمد نواز، علی حسام اصغر، شاہد نذیر، ارشد بیگ اور مقصود بٹ شامل تھے، ایم این اے پرویز ملک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹیوں سمیت تمام فورمز پر تاجروں کے مسائل کو اْجاگر کیا جائے گا۔ عبدالباسط نے کہا کہ انڈسٹریل پالیسی کا تعلق وفاق سے اور اس کا نفاذ پورے ملک میں یکساں ہونا چاہیے۔ صنعتوں کو نئے گیس کنکشن کی فراہمی پر پابندی ہے، صنعت سازی کو وسعت دینے کے لیے ضروری ہے کہ یہ پابندی ہٹائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن