زرداری کی واپسی پر خوشی پارٹی قیادت بھی سنبھال لیں ایبٹ آباد کمشن رپورٹ عام ہونی چاہئے:نواز شریف
سراجیوو (آئی این پی+این این آئی+آن لائن) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور آصف زرداری کے ساتھ اچھا تعلق ہے جو قائم رکھنا چاہتے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ زرداری صاحب وطن واپس آرہے ہیں، وہ اپنی پارٹی کے معاملات اپنے ہاتھ میں رکھیں گے اور قیادت بھی سنبھال لیں، انہیں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنی چاہئیں۔ ملک میں دھرنوں اور استعفے واپس لینے کی روایت پڑ گئی ہے، پاکستان کو چلانا دھرنے والوں کے بس کی بات نہیں۔ وہ ایسا نہیں کر سکتے۔ اب تو دھرنے شکرانے میں بدل جاتے ہیں، جن کا 7پوائنٹ ایجنڈا تھا وہ کیا دے کر گئے ہیں، ان کے دور میں ملک کو لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کی لعنت کا تحفہ ملا۔ انشاء اللہ دھرنوں کے باوجود 2018ء میں بجلی کا بحران ختم کر دیں گے۔ ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ کے معاملے کا جائزہ لوں گا، اگر کوئی کمشن بنتا ہے تو رپورٹ سامنے آنی چاہئے۔ فیصلے سے پہلے جائزہ لوں گا۔ ہم تمام شعبوں میں اصلاحات لارہے ہیں، ریگولیٹری اتھارٹیز کام میں تاخیر کا سبب بن رہی تھیں۔ 2013ء کے مقابلے میں آج پاکستان کہیں زیادہ خوشحال اور مستحکم ہے۔ وہ بوسنیا میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ اگر بجلی کا نظام ٹھیک کر دیں تو اگلا الیکشن آ پ کا ہے مگر میں جواب میں کہتا ہوں لوڈشیڈنگ ختم کرکے اگلی مدت سستا سودا ہے۔ سی پیک کا مغربی روٹ اور گوادر کوئٹہ چمن روٹ تیار ہوگیا ہے۔ تمام شعبوں میں اصلاحات لارہے ہیں۔ ریگولیٹریز کے بغیر شفافیت یقینی بناناآسان ہے۔ انہوں نے کہا دھرنے کی وجہ سے سی پیک میں تاخیر ہوئی، 9ماہ ضائع ہوگئے۔ صحافی کے وزیراعظم سے اس سوال کہ سال 2016ء کتنا مشکل گزرا؟ جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اچھا گزر گیا، الحمدللہ گزر گیا۔ میں رواداری پر یقین رکھتا ہوں۔ ہم نے زرداری صاحب کو صدارت کے بعد اچھے انداز سے رخصت کیا۔ صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کہتی ہے 2017ء الیکشن کا سال ہے جس پر وزیرا عظم نے جواب دیا کہ میرا ضمیر اس پر جواب دینا گوارہ نہیں کرتا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا میثاق جمہوریت کے بعد جو این آر او کیا اس سے ہمیں دھچکا لگا۔ نیلم جہلم منصوبہ بغیر تیاری کے شروع کرنا ملک کے ساتھ زیادتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا ایل این جی کا بہت زیادہ ٹیرف دے رہا تھا، ہم نے اس سے آدھا ٹیرف لگوایا۔ ہم نیپرا کی مانتے تو 2018 میں بھی بجلی کا مسئلہ حل نہ ہو پاتا۔ وزیراعظم نواز شریف نے بوسنیا ہرزے گوینا کے یادگار شہدا پر حاضری دی اور بوسنیا ہرزے گویناکے سابق صدر عزت بیگو وچ کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں وزیر اعظم مختصر دورے پر رومانیہ پہنچے رومانیہ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر معیشت نے نوازشریف کا استقبال کیا۔ مختصر قیام کے بعد وزیراعظم نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے۔