پنجاب:رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ میں ترقیاتی بجٹ کا استعمال 58.25فیصد کم ہوا
لاہور(احسن صدیق) پنجاب میں رواں مالی سال 2016-17ءکے پہلے 5ماہ (جولائی سے نومبر) کے دوران ترقیاتی بجٹ کا استعمال مقرہ ہدف کے مقابلے میں58.25فیصد کم ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے5ماہ کے لئے ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا ہدف 229.2ارب روپے مقرر کیا تھا جس کے مقابلے میں سرکاری محکمے صرف 95ارب 60کروڑ 73لاکھ روپے ترقیاتی بجٹ کی مد میں خرچ کر سکے۔ رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ کے دوران ترقیاتی بجٹ کے استعمال کے اعداد و شمار سے خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ رواں مالی سال کے لئے مقرر کردہ 550ارب روپے ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ کے لئے جنرل پبلک سروس کے لئے ترقیاتی بجٹ کا ہدف26.3ارب روپے مقرر کیا گیا تھا اس کے مقابلے میں 12.9ارب روپے خرچ کئے گئے۔ اس طرح پبلک آرڈر اینڈ سیفٹی افیئرز کا ہدف 15.4ارپ روپے مقرر کیا گیا اس کے مقابلے میں3.98ارب روپے خرچ کئے گئے۔ اکنامک افیئرز کے لئے 120.5ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا مقابلے میں44.89ارب روپے خرچ کئے گئے ۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے 7کروڑ 70لاکھ روپے کا بجٹ مقرر کیا گیا لیکن ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ ہاﺅسنگ کے لئے 15ارب 8کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیاگیا لیکن10ارب 7 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔ صحت کے لئے 9ارب 88کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا لیکن4 ارب 13کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔ ریکریشن ، کلچر اینڈ ریلجن کے لئے 1.15ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا مقابلے میں12کروڑ 11لاکھ روپے خرچ کئے گئے ۔ تعلیم کے معاملات اور خدمات کے لئے 17ارب 50کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا لیکن اس کے مقابلے میں 16ارب 6 کروڑ روپے خرچ کئے گئے سماجی تحفظ کے لئے 53.8کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا اور 2.02ارب روپے خرچ کئے گئے۔
ترقیاتی بجٹ