سرپرائز دینے والے خود سرپرائزڈ ہیں‘ مخالفین کو ہر میدان میں شکست ہوئی: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاع، پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو گزشتہ 4 سالوں میں ہر میدان میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا‘ مخالفین نوشتہ دیوار نہیںپڑھ سکتے‘ ان کی آنکھوں، کانوں اور دلوں پر قفل پڑے ہیں، نوشتہ دیوار ہے کہ اللہ تعالیٰ 2018ءکے الیکشن میں بھی میاں محمد نوازشریف کو فتح سے ہمکنار کرے گا۔ خواجہ محمد آصف نے قوم کو سرپرائز دینے کا دعوی کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ وہ سرپرائز دینے والے خود سرپرائزڈ ہیں انہوں نے کسی کو کیا سرپرائز دینا ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ معاشی خود مختاری اور خود انحصاری کا منصوبہ ہے جس کی اہمیت کو بعض لوگ سمجھ نہیں پا رہے۔ سی پیک کے مد میں ملک میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ چینی کمپنی یہ قرضہ لیکر پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ اس میگا پراجیکٹ میں روس، ایران، افغانستان اور وسطی ایشیا کی تمام ریاستیں آنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کا دروازہ میاں محمد نواز شریف نے کھولا ہے ۔ 2018ءتک اس منصوبے کے معاشی اثرات کا خاکہ نظر آنا شروع ہوجائے گا۔ یہ صحیح معنوں میں معاشی آزادی اور خودمختاری کا منصوبہ ہے اور اقوام عالم میں پاکستان کو منفرد مقام دلوائے گا۔
خواجہ آصف