• news

فیصل آباد کی تحریک انصاف کو ساتھ لے کر چلیں گے، رانا ثنا‘بھیک کے ذریعے ووٹ لینا شرمناک ہے، عابد شیر

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیرقانون راناثنااللہ خاں نے کہاہے کہ میرا دعویٰ ہے کہ چودھری شیرعلی اپنی گلی سے جنرل کونسلر بھی منتخب نہیں ہو سکتے۔ میرے گروپ کے میئر منتخب ہونے کے بعدکرپشن کی منصوبہ بندی کرنے والوںکاراستہ بند کر دیا گیا ہے۔ میئرکی ٹیم تعمیر و ترقی کے لئے منصوبے دے اسے حکومت سے مطلوبہ فنڈز لے کردیںگے۔ فیصل آباد کی تعمیر ترقی کیلئے تحریک انصاف کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نومنتخب میئرمحمدرزاق ملک کی رہائش گاہ پر جمع ہونے والے چیئرمینوں، مسلم لیگی کارکنوں اور عوام کے ایک اجتماع سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت پانی وبجلی چودھری عابدشیر علی نے کہا ہے کہ ہمارے مسلم لیگ(ن) ورکرز میئر گروپ نے 73ووٹ حاصل کرکے میونسپل کارپوریشن کے انتخاب میں مسلم لیگی کارکنوں، اخلاقی اور سیاسی محاذ پر برتری حاصل کرلی ہے جبکہ منتری بنے رہنے والے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خاں کا سارا دن اپنے کیمپ میں تحریک انصاف کے پینل کے ساتھ بیٹھے رہنا اور تحریک انصاف سے بھیک کے ذریعے ووٹ لینا انتہائی شرمناک فعل ہے۔ میونسپل کارپوریشن میں اب سے ہمارے 73 مسلم لیگی کارکن بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے مخالف گروپ کو کوئی غلط کام نہیں کرنے دیں گے، کرپشن اور کمشن نہیں چلنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ(ن) کے خلاف الیکشن نہیں لڑا بلکہ کارکنوں کے حقوق کے لئے ان لوگوں کے خلاف الیکشن لڑا جو مسلم لیگ(ن) کی بنیاد یعنی کارکنوں کو بار بار نقصان پہنچا رہے تھے۔
رانا ثنائ/ عابد شیر

ای پیپر-دی نیشن