• news

حکومت نے بلدیاتی الیکشن میں دھونس دھاندلی کا ہر حربہ استعمال کیا: شجاعت

گجرات (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے انتظامیہ اور پنجاب حکومت کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باجود اٹک، جلالپور جٹاں اور تلہ گنگ میں اپنے بلدیاتی عہدیداروں کی بھرپور کامیابی اور ضلع کونسل گجرات میں صرف8 ووٹوں کے فرق پر اپنی پارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے تمام چیئرمین حضرات کا دلی طور پر شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اپنے ضمیر کی آواز اور گجرات کی شرافت و عزت کی خاطر انہیں ووٹ دیئے۔ انہوںنے میڈیا اور اپنے حامیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے کامیاب امیدواروں‘ انکے ساتھیوں و حامیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن مسلم لیگ ن کا نہیں تھا بلکہ پنجاب انتظامیہ کی اپنی ٹرانسفر پوسٹنگ کی بقا کیلئے جنگ تھی اس لیے انہوں نے بھرپور طریقے سے الیکشن لڑا کیونکہ شہبازشریف نے انہیں ٹاسک دیا تھا یہ ان کا امتحان ہے اور الیکشن کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، مخالف امیدواروں کو ناکام بنانے کیلئے انہوں نے دھونس، دھاندلی اور لالچ سمیت ہر حربہ استعمال کیا، سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال اور ووٹروں کو ہراساں کیا گیا، ان کے کاروبار، فیکٹریاں بند کرنے اور جیلوں میں ڈالنے کی سنگین دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے اس امر پر نہایت افسوس اور تشویش کا اظہار کیا کہ شرافت اور خدمت کے مقابلہ میں دھونس، دھاندلی اور کلاشنکوف کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر چودھری وجاہت حسین، کامل علی آغا، ریاض اصغر چودھری، میاں عمران مسعود، حسین الٰہی، سعادت نواز اجنالہ اور دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے۔ آن لائن کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے ، بھارت حاوی ہورہا ہے ، نوازشریف نے کبھی بھارت کیخلاف کوئی بیان نہیں دیا،دو بھائیوں نے 9سال میں 9منصوبے شروع کئے جو ناکام ہوئے ، دونوں بھائی مل کر تندور کی روٹی اور تندور بھی کھا گئے۔
چودھری شجاعت

ای پیپر-دی نیشن