پناہ گزینوں کے حوالے سے عدم برداشت تاریک دور کی یاد تازہ ہو رہی ہے: شہزادہ چارلس
لندن (اے ایف پی) برطانوی شہزادہ چارلس نے پناہ گزینوں کے حوالے سے عدم برداشت پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے عوامیت پسند گروپوں کی بڑھتی تعداد سے 20 ویں صدی کی 30 کی دہائی کے تاریک دنوں کی یاد تازہ کر رہی ہے۔ بی بی سی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پناہ کے لیے بیرون ملک پہنچنے کے باوجود ان کے بڑھتے ہوئے مصائب ختم نہیں ہوتے۔ 68 سالہ شہزادہ چارلس نے کہا ہم دنیا میں بڑھتے ہوئے ایسے عوامیت پسند گروپوں کو دیکھ رہے ہیں۔ یہ گروپ اقلیتی مذہب کے پیروکاروں کی طرف زیادہ جارح ہو رہے ہیں۔ یہ سب 30 کی دہائی کے تاریک دنوں کی گونج ہے۔ انہوں نے کہا یہ معاملہ صرف مشرق وسطیٰ سے ہجرت کرنے والے عیسائیوں کے ساتھ نہیں بلکہ یزیدیوں، قادیانیوں، بہائیوں کے ساتھ بھی ہو رہا ہے۔ انہوں نے جنگ عظیم دوم کی خوفناک انتہا پسندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا 70 سال بعد ہمیں پھر ایسی ہی صورتحال نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے خاندان نے بھی پناہ تلاش کی تھی۔ اسی طرح پیغمبر محمدﷺ نے بھی مکہ سے مدینہ ہجرت کی تھی۔