سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان خطے میں نئی طاقت بن کر ابھرے گا: صدر ممنون
اسلام آباد( صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان خطے میں ایک نئی طاقت بن کر ابھرے گا۔ صدر مملکت نے یہ بات گزشتہ روز ایوان صدر میں قطر کے وزیر توانائی اور صنعت ڈاکٹر محمد بن صالح السدہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے وسط ایشیائی ریاستوں اور دوسرے ممالک نے اس میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔سی پیک منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ اور اس کے ساتھ ساتھ وسط ایشائی ریاستیں بھی مستفید ہو سکیں گی۔ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی اقتصادی اور معاشی حالت بہتر ہوئی ہے جس کی عالمی مالیاتی اداروں نے بھی تعریف کی ہے۔ قطر سے ایل این جی کی درآمد سے پاکستان کو توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر قطر کے وزیر توانائی و صنعت ڈاکٹر محمد بن صالح السدہ نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور قطر چاہتا ہے کہ سیاسی سطح پر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔