ڈسکہ: 4 مخالفین کو بند کرکے گھر جلا ڈالا، پھولنگر میں آتشزدگی، 3 معصوم بھائی زندہ جل گئے
ستراہ/ پھولنگر / کوٹ رادھاکشن/ قصور (نامہ نگار + نمائند گان) ڈسکہ کے علاقے ستراہ میں سابقہ رنجش پر مخالفین نے چار افراد کوگھر میں بند کر کے آگ لگادی، تشویشناک حالت میں گوجرانوالہ ریفر کردیا گیا، گھر بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔ 3سال قبل وسیم، بلا، امجد وغیرہ نے فائرنگ کر کے شاہد گھمن اور اسکے گن مین حنیف بٹ کو قتل کردیا تھا جس کا مقدمہ ملزموں اور انکے تین بھائیوں آصف، عابد، کاشف وغیرہ 16 افراد کے خلاف درج ہوا اور تینوں بھائی تین سال سے جیل میں بند ہیںاور مقدمہ کی تحقیقات چل رہی ہے۔ انکے ورثا بااثر مخالفین کی وجہ سے تین سال قبل علاقے سے نقل مکانی کر گئے۔ گزشتہ روز ساتھ والے گائوں میں شفاقت، عرفان، شیرازاور گوشی حادثہ میں زخمی ایک رشتہ دار کی تیمار داری کیلئے آئے اور اندھیرا ہونے پر رکشا میں سوار واپس جارہے تھے کہ مخالفین کو بھنک پڑ گئی جس پر جاوید بٹ، ذوالفقار بٹ، ندیم بٹ، چاند بٹ، معظم وغیرہ نے ناکہ بندی کر کے چاروں کو گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا اوران پر تشدد کیا اور اسکے بعدانکے چھوڑے ہوئے مکان پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی اور آگ بھڑکنے پر چاروں کو اندر دھکیل کر دروازہ بند کردیا جس کے نتیجہ میں چاروں بری طرح جھلس گئے اور مکان بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔ اہل دیہہ نے اپنی مد د آپ کے تحت جھلسنے والے چاروں افراد کوطبی امدادکیلئے سول ہسپتال پہنچادیا جہاں پرانکی حالت تشویشناک ہونے پرگوجرانوالہ ریفر کردیاگیا تاحال پولیس مصروف تفتیش ہے۔ دریں اثناء پھولنگر کے گائوں کا واں ملیاں جہاں آج بھی اس جدید دور میں بجلی میسر نہیں، تصور حسین جٹ کی حویلی میںاسکی بیوی کشور بی بی نے اندھیرا دور کرنے کیلئے چراغ جلا رکھا تھا جس سے اچانک قریب لٹکے کپڑوں میں آگ لگ گئی جس نے پورے کمرے کو لپیٹ میں لے لیا۔ سانحہ میں 12 سالہ رامش، 5 سالہ دانش، 3 سالہ ابوذر جاں بحق، انکی والدہ کشور بی بی جھلس کر شدید زخمی ہوگئی۔