• news

میلبورن میں قومی کرکٹرز کی پریکٹس‘ مداحوں سے ملاقات‘ جیتنے کیلئے کھیلیں گے: سمیع اسلم

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ پرسوں سے میلبورن میں شروع ہوگا ۔کینگروزکومنہ توڑ جواب دینے کی تیاری کر لی گئی۔ پریکٹس سیشن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے خوب جان ماری۔دوسرے ٹیسٹ کیلئے پاکستان ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔میلبورن کی وکٹ بلے بازی کیلئے سازگار ہے۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ اوربائولنگ کے شعبے میں بہتری کیلئے خوب پریکٹس کی۔پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑی فٹ بال کے کھیل سے بھی لطف اندوز ہوئے ۔فاسٹ بائولر محمد عامر بھی فٹ ہوگئے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز نیٹ پر پریکٹس کی۔انہوں نے بیٹنگ کیساتھ ساتھ بائولنگ بھی کرائی ۔ فاسٹ بائولر سہیل خان جو ایک دن قبل معدہ کی تکلیف کی وجہ سے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لے سکے تھے نے بھی نیٹ پر بائولنگ کرائی ۔ وہ ردھم میں نظر آئے اور مکمل فٹ دکھائی دیئے ۔اس دوران میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں فیملی ڈے بھی منایا گیا جس میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔قومی کرکٹرز نے پریکٹس سیشن کے دوران مداحوں کوآٹو گراف بھی دیئے۔کھلاڑی اس دوران مداحوں کے ساتھ گھل مل گئے اور سیلفی کے ساتھ ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ کپتان مصباح الحق سمیت تمام کھلاڑی بہت خوش نظر آرہے تھے ۔ مداحوں نے بھی کھلاڑیوں کو شاندار استقبال کیا ۔پاکستانی اوپننگ بلے باز سمیع اسلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برسبین ٹیسٹ کی دوسری اننگز سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ میلبورن میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں غلطیوں پر قابو پائیں گے ۔ جیت کیلئے میدان میں اتریں گے اور سیریز برابر کرنے کی کوشش کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میلبورن کرکٹ گرائونڈ کی پچ بلے بازوں کیلئے سازگار ہے اور ہمارے کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں ۔ اب آسٹریلیاکے موسم اور وکٹوں سے ایڈ جسٹ ہوچکے ہیں، میلبورن میں کہانی مختلف ہوگی۔ بہترین کارکردگی دکھانے کی تیاری پکڑلی۔ باؤنسی وکٹوں پربیٹنگ کوئی آسان بات نہیں،، تھوڑا ٹائم تو لگے گا۔ میچ کی تیاری ہرکوئی اپنے طریقے سے کرتاہے۔ ٹیم قوم کومایوس نہیں کریگی،نئے سال پرجیت کا تحفہ دینگے۔ آسٹریلیاء کیخلاف ٹیسٹ سے قبل سٹیڈیم میں فیملی ڈے منایاگیا۔ پاکستانی کھلاڑی شائقین میں گھل مل گئے،سلیفی اور آٹو گراف لینے والوں کا رش لگ گیا۔مداحوں اور مہمان ٹیم میں دوریاں ختم ہوگئیں۔پریکٹس سیشن کے بعد پاکستان ٹیم کے کھلاڑی آسٹریلین اور پاکستانیوں میں گھل مل گئے۔ اس دوران سیلفی کا سیشن بھی ہوا۔مصباح الحق اور اسد شفیق کو شائقین نے ہاتھوں ہاتھ لیا۔

ای پیپر-دی نیشن