جبری قبر ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے
مکرمی! مظفرپور میں کچھ خودساختہ چوہدریوں نے خودساختہ قبرستان کمیٹی بنا کر عرصہ زائد دس سال سے دیہات سے آکر زمین یا مکان خرید کر آباد ہونے والے خاندانوں پر ہر فوتگی پر پانچ ہزار روپے جبری قبر ٹیکس مسلط کیا ہوا ہے جبکہ جدّی پُشتی رہائشیوں کو قبر ٹیکس معاف ہے۔ کئی غریبوں کی فوتگی پر رشتہ داروں نے قبر ٹیکس ادا کیا حتیٰ کہ ایک غریب نے استطاعت نہ ہونے پر اپنی نوزائیدہ بیٹی گھر میں دفن کر دی (الامان)۔ غریب عوام کے لئے اب جبری قبر ٹیکس کا بوجھ ناقابلِ برداشت ہوتا جارہا ہے جو کسی بھی وقت احتجاج کی صورت اختیار کر سکتا ہے جس سے نقصِ امن کا اندیشہ ہے۔ براہِ کرم جبری قبر ٹیکس ختم کر کے عوام کے منتخب نمائندوں کی رائے، منشور اور تعاون سے قبرستان کمیٹی تشکیل دی جائے۔ (بیگم رفاقت سرور لیڈی کونسلر موضع مظفرپور تحصیل و ضلع سیالکوٹ)