• news

’’2016‘‘ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کو دنیا نے سراہا‘ کل بھوشن یادیو پکڑا گیا

اسلام آباد (صباح نیوز) سال 2016ء پاکستان کی دفاعی و عسکری لحاظ سے بھرپور کامیابیوں کا سال رہا‘ آپریشن ضرب عضب کی شاندار کامیابیوں کو دنیا بھر میں سراہا اور تسلیم کیا گیا۔ پاک افغان سرحدی علاقے سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہوا اور بارڈر مینجمنٹ کو موثرانداز میں بہتر کیا گیا۔ کراچی آپریشن سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشنز نے سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنایا۔ بلوچستان سے ’’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری نے پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے نیٹ ورک کو دنیا بھر کے سامنے بے نقاب کر دیا۔ پاک فوج نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ امریکہ سمیت دنیا بھر کے ممالک نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا اور انہیں تسلیم کیا۔ پاک فوج کی طرف سے آرمی پبلک سکول پشاور پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں طور پر کمی واقع ہوئی۔ پاک افغان سرحدی علاقوں اور فاٹا سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر کے وہاں پر حکومت کی رٹ بحال کی گئی۔ سال 2016ء میں قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کو مکمل کرتے ہوئے عارضی طور پر بے گھر افراد کو ان کے گھروں کو باعزت واپسی کا سلسلہ بھی تقریباً تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ قبائلیوں عوام کو ان کو گھروں میں دوبارہ بسانے کے حوالے سے بحالی کا مرحلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ اسی طرح سے پاک افغان سرحد پر مینجمنٹ کے حوالے سے دفاعی میدان میں اہم اقدامات کئے گئے۔ طورخم بارڈر پر گیٹ کی تنصیب کے موقع پر اگرچہ پاک فوج کے جوانوں اور افسر کی شہادت ہوئی لیکن بارڈر مینجمنٹ کو دہشت گردی پر قابو پانے کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے پاک فوج نے نہ صرف گیٹ کی تنصیب مکمل کی بلکہ پاک افغان سرحد کے دیگر حصوں پر بھی گیٹوں کو نصب کرنے کا اعلان کیا۔ افغان باشندوں کی پاکستان آمد کو ریگولیٹ کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے گئے۔ دفاع کے شعبے میں سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے متحرک کمانڈر کے طور پر بھرپور کردار ادا کیا جس عزم کے ساتھ انہوں نے ملک سے دہشت گردی کا اعلان کیا تھا، اسے پورا کیا۔ کراچی میں آپریشن سے وہاں نے حالات میں واضح تبدیلی آئی۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشنز کے شاندار نتائج برآمد ہوئے جس کے نتیجے میں ملک کو درپیش اندرونی خطرات سے نمٹا گیا۔ اسی طرح سے بلوچستان میں پاک فوج اور ایف سی کے مشترکہ آپریشنز کے بعد وہاں کے حالات بہتر ہوئے اور پاک چین اقتصادی راہداری جیسے عظیم منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو سکا۔ 

ای پیپر-دی نیشن