مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام بانی پاکستان قائد اعظم اور وزیراعظم نوازشریف کی سالگرہ کی تقریبات کا آغاز آج سے ہو گا
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیراہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور محسن پاکستان وزیر اعظم میاں نوازشریف کی سالگرہ کی تقریبات کا آغاز آج سے ہوگا۔ لاہور میں کیک کاٹنے کی مرکزی تقریب مسلم لیگ (ن) لاہور کے دفتر نصیر آباد میں آج صبح11بجے ہوگی۔ تقریب لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، جنرل سیکرٹری و صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کی سربراہی میں ہوگی۔ محمد پرویز ملک اور خواجہ عمران نذیر نے پارٹی کے تمام ونگز اور صوبائی حلقوں کے صدور و جنرل سیکرٹریز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اتوار کے روز اپنے حلقوں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور محسن پاکستان وزیر اعظم میاں نوزاشریف کی سالگرہ کی تقریبات منعقد کریں اور اس موقع پر ملکی سلامتی اور قائدین کی عمر درازی کے لئے دعائیں بھی کریں۔ سالگرہ کی تقریبات کا سلسلہ 31دسمبر تک جاری رہے گا۔