اسحاق ڈار کی زیرصدارت سی پیک سے متعلق پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں سی پیک کے متعلق پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری منصوبہ بندی نے وزیر خزانہ کو سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں بتایا۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے سی پیک کے آئندہ منصوبوں اور جاری منصوبوں کے لئے ترقیاتی اعانت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے سی پیک کی کامیابی کے لئے سرکاری اداروں کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک کی بدولت ملک کی معیشت کو بہت فائدہ ہو گا۔ دریں اثناء وزیر خزانہ سے عالمی بینک کے وفد نے کنٹری ڈائریکٹر کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بینک کی مدد سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر خزانہ نے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان ظاہر کیا۔ ملاقات میں اتفاق رائے کیا گیا کہ اصلاحات کی بدولت معاشی کارکردگی بڑھتی ہے۔