• news

حکومت نے ون ویلنگ جاری رکھی تو قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کر سکتے ہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار + صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے ون ویلنگ جاری رکھی تو قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر سکتے ہیں - انہوںنے کہا کہ حکومت تمام شعبوں میں ناکام رہی اور عوام سے کئے گئے روزگار کی فراہمی ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ، صحت کی سہولتیں فراہم کرنے اور دہشت گردی کے خاتمے سمیت اپنا کوئی بھی وعدہ نہیں کر سکی۔ انہوںنے کہا کہ آصف علی زرداری ملک کے سابق صدر ہیں پاکستان ان کا اپنا گھر ہے انہیں کسی نے جلا وطن یا ملک بدر نہیں کیا وہ رات کے اندھیرے میں آئیں یا دن کے اجالے میں کچھ فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس شوری نے فیصلہ کیا ہے کہ کرپشن کے خلاف 2017ء میں بھی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس شوری کے جاری اجلاس میں وقفہ کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی مجلس شوری کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا - سی پیک کے علاوہ کوئی ایسا منصوبہ نہیں جس میں حکومت کو کوئی کریڈٹ دیا جا سکے۔ سی پیک بھی زیادہ تر چین کی مہربانی ہے - حکومت ہر شعبہ میں ناکام ثابت ہو رہی ہے -عام آدمی کی زندگی میں کوئی تبدیلی یا انقلاب نہیں لا سکی -انہوںنے کہا کہ کچھ وزیروںکے بنک بیلنس اور جائیدادوں میں تو اضافہ ضرور ہوا۔ انہوںنے کہا کہ وزیر خزانہ کا سب سے بڑا کارنامہ قوم کو قرضوں میں جکڑنا ہے۔ وہ قرضہ لینے کے ہی ماہر ہیں۔ حکومت کا کوئی ویژن یا پروگرام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے لئے کوئی نظام وضع نہیں کیا اور نہ ہی وہ کوئی اس حوالے سے کوئی بل اسمبلی میں لائی ہے۔ وہ کوئی احتساب کا نظام لانا ہی نہیں چاہتی کیونکہ اس کے اپنے دامن پر دھبے ہیں ، اس لئے سب احتساب سے جان چھڑا رہے ہیں۔ مجلس شوری نے فیصلہ کیا ہے کہ کرپشن کے خلاف اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا جس کیلئے چوکوں اور چوراہوں میں بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر بھی کوئی بھی احتساب کیلئے تیار نہیں اور عدالت بھی اپنے کندھے پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی۔ تین ماہ سے پانامہ کیس سپریم کورٹ میں ہے میں خود 75دن عدالت میں رہا لیکن چیف جسٹس نے ذمہ داری پوری کرنے کی بجائے بوجھ آنے والے چیف جسٹس پر ڈال دیا۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان کا میگا سکینڈل بذات خود پانامہ لیکس ہے نیب نے پری بارگیننگ کا پیغام دے کر دکھا دیا کہ وہ سودے بازی کے ذریعے اس معاملہ کو ختم کرنا چاہتی ہے ہم اس فیصلہ کو نہیں مانتے۔ تین ارب روپے جو لوٹے گئے ہیں وہ قوم کا پیسہ ہے جسے واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائیں گے۔ پرویز مشرف کے انٹرویو کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ پرویز مشرف متنازعہ شخص ہیں جو ناقابل اعتبار ہیں انہوں نے ہر موقع پر جھوٹ بولا اگر ان میں ہمت ہے وطن واپس آ کر عدالتوں کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کے خاتمے کیلئے عدالتوں نے مایوس کیا تو عوام چوکوں اور چوراہوں میں عدالتیں لگائیں گے۔ جماعت اسلامی نے کرپشن کیخلاف جس جہاد کا بیڑہ اٹھایا اسے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کی والدہ کے انتقال پر ذوالفقار مرزا کو فون کرکے تعزیت کا اظہار اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کی۔

ای پیپر-دی نیشن