• news

بجلی کی بندش جاری، کوشش ہے 2018ء تک لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے: شاہد خاقان

لاہور/ کراچی (نامہ نگاران + ایجنسیاں) کئی شہروں میں گزشتہ روز بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کوشش ہے کہ 2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے جبکہ وزارت پانی وبجلی کے ترجمان نے کہاہے کہ بھل صفائی کی وجہ سے اس ماہ کے آخر تک بجلی کی پیداوار میں کمی ہوگی۔ وزارت کے ایک ترجمان نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا بجلی کی پیداوار میں کمی کے باوجود لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھایا نہیں جائے گا۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق نورکوٹ شکرگڑھ سمیت تحصیل بھر میں بجلی کی طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، شہری اور دیہی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ چشتیاں سے نامہ نگار کے مطابق چشتیاں میں 6، 6 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے نتیجہ میں چشتیاں اور نواحی علاقوں میں لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا، پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی۔ صباح نیوز کے مطابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے گیس کے مسئلے کو حل کرنا ہے، کوشش ہے 2018ء تک ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔ وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ سندھ سے نکلنے والی گیس پر پہلے سندھ کا حق ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن