2018ء کے انتخابات تمام سیاسی جماعتوں کیلئے مشکل ثابت ہونگے : ایاز صادق
لاہور (صباح نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور سی پیک کو سپوتاژ کرنے کیلئے بعض اپوزیشن رہنما دشمن کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ لاہور میں نومنتخب صوبائی وزرا ،میئرز اور ڈپٹی میئرز کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بلاوجہ عوام کا وقت ضائع کر رہی ہے۔ 2013ء میں جو الزامات لگے اللہ نے ان میں سرخرو کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ 2018ء کا الیکشن بہت مشکل ہوگا، جو کارکردگی کی بنیاد پر ہی جیتا جاسکے گا۔ انکا کہنا تھا کہ سسٹم کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ ایوان میں یہ نہیں ہوسکتا کہ صرف اپوزیشن بات کرے اور دوسری طرف کسی کو بولنے کا موقع نہ ملے، جو فیصلے بزنس ایڈوائزری میں ہوتے ہیں اس پر عملدر آمد ہونا چاہیئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلاول چوروں کی چُوری کھا کر جوان ہوئے، وہ احتساب کی بات کیسے کرسکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) گالی اور گولی کی سیاست نہیں کرتی، عمران خان کی غلطیوں نے انہیں عوام کی نظروں سے گرا دیا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ آصف علی زرداری وطن واپس آگئے، ہم انہیں ویلکم کہتے ہیں، امید ہے وہ پارٹی کو منظم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ایک انگلی دوسرے کی طرف اٹھاتے ہیں باقی انگلیاں ان کی طرف اٹھتی ہیں،مجھے پتہ ہے زرداری صاحب نے آتے ہی بڑا بیان دیا ہوگا، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے، الیکشن نزدیک ہیں۔