• news

پاکستانی قوم شعور رکھتی ہے، مہاجروں کو ڈھال بناکر استعمال کیا گیا: مصطفی کمال

حیدرآباد (نمائندہ نوائے وقت ) پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال نے حیدر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن پرستی کے قافلے میں شامل ہونے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند کرے۔ حیدر آباد کے عوام نے آئندہ نسلوں کیلئے فتح حاصل کرلی، جلسے میں شرکت پر ان کا مشکور ہوں۔ مہاجروں کا ایم کیو ایم کے بانی سے تعلق نہیں ٹوٹ سکتا۔ ایم کیو ایم والے شعور اور حب الوطنی نہیں رکھتے۔ پاکستانی قوم شعور رکھتی ہے، مہاجروں کو ڈھال بناکر کھڑا کیا گیا۔ حیدر آباد والوں نے آج جھوٹ کو نیست و نابود کردیا۔ تاثر یہ دیا جارہا تھا کہ متحدہ سے جڑا مہاجر خود کو الگ نہیں کرسکتا۔ تاثر دیا گیا کہ مہاجر متحدہ بانی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ اسٹیبلشمنٹ کی بات کرکے مہاجروں کو ڈرایا گیا۔ ان کو ڈرایا گیا کہ کہیں اور جائو گے تو تقسیم ہوجائو گے۔ بول بول کر تھک گئے اس قوم کو اتنا گرا ہوا نہ سمجھو۔ مہاجروں کو کیڑے مکوڑے سمجھنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں۔ غذا، پانی کی قلت سے ساڑھے 3 لاکھ بچے مر رہے ہیں۔ لندن والوں سے جان چھوٹی تو یہاں کے بیوپاری آگئے۔ تین سال میں 8 ہزار ارب روپے قرض لئے گئے۔ 18 سال سے مردم شماری نہیں کرائی گئی، پتہ ہی نہیں کہ ملک کی آبادی کتنی ہے۔ مردم شماری کے بغیر حکومت کیسے اور کب تک چلائو گے۔ ہسپتالوں میں ادویات نہیں، عوام نے جس کو رکھوالا بنایا وہی رہزن نکلا۔ گورنر سندھ کو 13 سال بعد پارٹی سے نکال دیا گیا۔ کراچی شہر کچرا کنڈی بن گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن