اسلام، پختون اور قائداعظم کے نام پر عوام کو دھوکہ دیکر لوٹا گیا: پرویز خٹک
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں غریب اورامیر کا فرق ختم کرکے انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اب تک اس ملک کے حکمران غریب عوام کے استحصال کی پالیسیوں پر گامزن رہے ہیں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اس ملک میں واحد سیاسی لیڈر ہیں جن کی سیاست کامحور غریب عوام ہیں اوریہی وجہ ہے کہ عمران خان اس ملک میں نظام کی تبدیلی پر عمل پیرا ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتاہے کہ اس ملک کوکسی نے روٹی کپڑا مکان ، کسی نے اسلام اور کسی نے پختون اورکسی نے قائد اعظم کے پاکستان کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا اور لوٹ مار اورکرپشن کی سیاست کو فروغ دیا۔ اب عوام کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے کیونکہ ایک با رپھر سیاسی سوداگر نئے نعرہ کے ساتھ میدان میں اتر آئے ہیں۔مگر عوام جانتے ہیں کہ اس ملک کو اب ایک ایماندار لیڈر کی ضرورت ہے اوریہ صرف اور صرف پی ٹی آئی کے چیئرمین کے بغیر ممکن نہیں۔ ان سیاست دانوں نے ہمیشہ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ وہ امانکوٹ میں پی پی پی اور اے این پی رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر جلسوں سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کووزیر اعلیٰ نے پی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائیں۔