ضمیر خرید نے کی رسم نواز شریف نے متعارف کرائی عمران :پارٹی پالیسی کے مخالفین کونکال دیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سیاست میں ضمیر خریدنے جیسی بدترین رسم متعارف کرائی۔ وزیراعظم سیاسی اور معاشرتی اخلاقیات کا جنازہ نکال دینا چاہتے ہیں۔ نواز شریف ہمیشہ دھاندلی اور وفاداریاں خرید کر ہی اقتدار تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ ملک سے نظریاتی سیاست کے خاتمے میں نواز شریف کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نواز شریف اور ان کے بدترین طرز سیاست اور حکومت کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے۔ آئندہ انتخابات میں نواز شریف کو خریدنے کے لیے کوئی ضمیر نہیں میسر ہو گا۔ چھانگا مانگا سیاست کے موجد اخلاقیات کا جنازہ نکالنا چاہتے ہیں۔ عمران نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پارٹی سے فارغ کر دیا ہے۔ میانوالی سے ملک مطیع اللہ‘ فیصل آباد سے ممتاز چیمہ کو پارٹی سے نکال دیا گیا۔ حسن مسعود ملک اور ذیشان لیاقت اٹک سے احسن کمبڑیال، سہیل کمبڑیال اور عاطف کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ اٹک نارووال‘ فیصل آباد اور میانوالی سے سینکڑوں کارکنوں کی بنیادی رکنیت معطل کر دی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم خاندان کی کرپشن میں حائل رکاوٹیں دورکرنا چاہتے ہیں۔ اجلاس کے اعلامیہ میں پی ٹی آئی اور کے پی حکومت کے خلاف ن لیگی پراپیگنڈا کی مذمت کی گئی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کمشن رپورٹ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے۔ معاملہ پر فورم پر اٹھائیں گے چوروں‘ لٹیروں سے پلی بارگین شرمناک ہے۔ نیب کرپشن کی سرپرستی کرنے والا آئینی ادارہ بن چکا‘ ریگولیٹرز کو وزارتوں کے ماتحت کرنالوٹ مار کا نیا طریقہ ہے۔