• news

ایسا احتجاج نہیں کرینگے جس سے جمہوری نظام کو خطرہ ہو: زرداری

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وطن واپسی کے بعد ہفتہ کو بھی بلاول ہائوس میں پارٹی رہنمائوں سے ملکی سیاسی صورت حال، پیپلزپارٹی کے مطالبات، حکومت سے ممکنہ مذاکرات، اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی تشکیل اور حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس حوالے سے مشاورتی اجلاس ہوا جس کی صدارت پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے کی۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں طے کیا گیا پیپلزپارٹی 27دسمبر کو بینظیربھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ پارٹی قیادت نے تمام رہنمائوں کو ٹاسک دیا وہ جلسے میں کارکنوں اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کیلئے بھرپور رابطے اور انتظامات کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے سابق صدر نے پارٹی رہنمائوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا وہ حالات سے گھبرانے والے نہیں۔ پیپلزپارٹی کسی انتقامی کارروائیوں سے نہیں ڈرتی‘ عوام ہماری طاقت ہے۔ پیپلزپارٹی کوئی ایسا احتجاج نہیں کرے گی جس سے جمہوری نظام کو خطرہ لاحق ہو۔ پارٹی مطالبات کے حل کے لئے پارلیمانی اور عوامی احتجاج جمہوری انداز میں ہوگا۔ اجلاس میں طے کیا گیا حکومت سے ممکنہ مذاکرات اور احتجاج کی پالیسی پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی طے کرے گی اور پیپلزپارٹی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان 27دسمبر کو کرے گی۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی سندھ کے رہنمائوں نے بھی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میںسابق صدر نے واضح کیا ملک بھر میں جلد بھرپور انداز میں عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن