اورنج ٹرین عام آدمی کا منصوبہ امیر اور غریب میںخلیج کم ہوگی:شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے چائنہ ریلوے نورینکو کے جنرل منیجر زوپینگ فی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر پیش رفت اور دیگر امور کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کی قیادت کا پاکستان کے عوام کیلئے عظیم تحفہ ہے۔ منصوبے سے روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بڑھتے ہوئے پاک چین معاشی تعلقات کا عکاس ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ عام آدمی کا منصوبہ ہے اور میٹروبس کی طرح میٹرو ٹرین بھی عام آدمی کی سواری ہے اور یہ امیر اور غریب کے درمیان تفاوت کم کرنے کا منصوبہ ہے۔ شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کے حوالے سے امور پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ فروغ تعلیم کے لئے ایک شاندار اقدام ہے۔ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے اور پرائمری سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر سے قوم کے مستقبل کو بہتر تعلیمی سہولتیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میںعدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں صوبے کی یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرزکی تقرری کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کہ وہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے تقرری کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر عملدرآمدکو یقینی بنائیں۔ شہبازشریف نے صوبے کے صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات کلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دی ہے‘ 16رکنی کابینہ کمیٹی کے کنوینر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ ومیڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ’’ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیرو بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرو بحالی سے زرعی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ 5500 کلومیٹر دیہی سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ شہبازشریف سے ممبر برطانوی پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے ملاقات کی۔ شہبازشریف سے ترکی کی وزارت صحت کے وفد نے ملاقات۔ شہبازشریف نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو عوام کی توقعات کے مطابق بنانا ہمارا مشن ہے اور دوست ملک ترکی کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میں تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔ وزیراعلیٰ نے موٹر بائیک ایمبولینس سروس کیلئے موٹربائیکس خریدنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ موٹر بائیک ایمبولینس سروس 9 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرمیں شروع کی جائے گی۔