دل کا عارضہ‘ ڈاکٹروں نے ڈاکٹر عاصم کو آرام کا مشورہ دیدیا‘ رپورٹ عدالت پیش
کراچی (آئی این پی) پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم کو ڈاکٹرز کی ٹیم نے دل کا عارضہ بڑھنے پر آرام کا مشورہ دے دیا،۔ ڈاکٹر عاصم کی میڈیکل رپورٹ ہفتہ کو عدالت میں پیش کر دی گئی۔ رپورٹ جیل حکام نے عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم کا تین رکنی میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ملزم ڈاکٹر عاصم کو 19دسمبر کو کارڈیو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا‘ جہاں ان کی ای سی جی ودیگر ٹیسٹ کیے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم 24گھنٹے تک ڈاکٹرز کی نگہداشت میں رہے، ان کی ریڈیو فریکنسی ماہر اسٹاف کے ذریعے ہی ممکن ہے، انہیں مستقل طور پر پیس میکر لگانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا ڈاکٹر عاصم شدید علیل ہیں، اس لئے پیش نہیں ہوسکتی۔ ادھر ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن ریفرنس میں منی لانڈرنگ کے معاملے پر نجی منی چینجر نوید نے بیان قلمبند کرا دیا۔ بیان میں بتایا گیا ڈاکٹر عاصم نے 19 مرتبہ ڈالرز میں رقم بیرون ملک منتقل کی، وکلاء کے اعتراض پر عدالت نے 6جنوری تک منی چینجر سے منی لانڈرنگ سے متعلق دستاویزات طلب کرلی۔ ڈاکٹر عاصم کے خلاف جے جے ویل ایل ریفرنس میں ملوث ملزم بشارت مرزا اور زاہد بختیار نے بریت کی درخواست دائر کردی جس پر 7جنوری کو دلائل دیئے جائیں گے۔