• news

منڈی بہاؤ الدین: مسلم لیگ (ن) کا جشن، نذر گوندل کے گھر کے سامنے فائرنگ: بلاول کی مذمت

منڈی بہاؤ الدین (نامہ نگار) منڈی بہاؤالدین میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ضلع کونسل چوہدری غلام حسین بوسال کی انتخابات میں کامیابی کے بعد ریلی نکالی گئی، ریلی مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی جب گوجرہ کے قریب پہنچی تو ریلی میں موجود ایک درجن سے زائد مسلح لیگی کارکن سڑک کے درمیان میں آگئے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ لوگوں نے خوف سے اپنی دکانیں تک بند کرلیں، دہشت اورخوف کا یہ عالم تھاکہ پولیس موقع پر موجود تماشا دیکھتی رہی لیکن کسی نے روکنے کی ہمت نہیں کی، تاہم پولیس تھانہ گوجرہ کی جانب سے ایک درجن افرادکے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ چھاپہ مارٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ملزموں کو اسلحہ سمیت گرفتارکریں گے، پی پی پی کے سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل نے کہا ہے کہ انکے گھرکے سامنے گوجرہ میں لیگی کارکنوں نے قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں، وہ اس وقت گھر میں موجود تھے طاقت کے نشہ میں مسلم لیگ ن والے معلوم نہیں کیا دکھانا چا رہے تھے، انہوں نے کہاکہ پولیس کی ایف آئی آر حقائق پرنہیں ہے کیونکہ فائرنگ کرنے والوں کی تعداد 30 سے زائدہے، انہوں نے کہا ایسا لگتا تھا جیسے علاقہ غیر میں رہ رہے ہیں لوگ اپنی دکانوں میں چھپ گئے تھے اور ایک گھنٹہ سے زائد مین شاہراہ کی ٹریفک بند رہی، انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے آخری ایام شروع ہو چکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے بھی گوجرہ واقعہ پرٹویٹ کیا اور واقعہ کی مذمت کی ہے، ڈی پی او عمر سلامت نے بتایا ہے کہ چار ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ قبضہ میں لے لیاہے، تاہم علاقہ میں خوف و ہراس کی فضاء برقرار ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے پارٹی رہنما نذر محمد گوندل کے گھر پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن ) کے غنڈے پنجاب میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو خوف زدہ کرنے کے لئے ایسی کارروائیاں کر رہے ہیں ۔ بے گناہ کارکنوں پر حملوں کوبرداشت یا معاف نہیں کرینگے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے مسلم لیگ ن کے غنڈے کارروائیاں کر رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن اپنے غنڈوں کو رہنمائوں اور کارکنوں پر حملے سے روکے ۔

ای پیپر-دی نیشن