• news

ریجنل و سٹی قیادت، ایم پی اے خرم شہزاد کو پارٹی سے نکالا جائے: تحریک انصاف فیصل آباد

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی ریجنل قیادت و سٹی تنظیم اور رکن صوبائی اسمبلی خرم شہزاد کو فارغ کر کے آزادانہ انکوائری کی جائے۔ اگر پارٹی نے ایکشن نہ لیا تو تحریک انصاف کے ورکرز پارٹی سے غداری کرنے والے افراد کیخلاف چوک گھنٹہ گھر میں عوامی عدالت لگائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف فیصل آباد کے رہنماؤں شیخ سلمان عارف اور شہبازکسانہ نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سابق ضلعی صدر سجاد حیدر خان، ٹکٹ ہولڈر پی پی 53 ظفر کھوکھر ، ٹکٹ ہولڈر این اے 78 یاسر خان بلوچ، ٹکٹ ہولڈر پی پی 56 خان بلوچ ، میمونہ حسین ، حمیرا عالم ، بانی رہنما جاوید انجینئر ، وائس چیئرمین جہانزیب خان ، میاں عامر ، سلیم انصاری ،محمد حسین گجر، ملک خلیل ، محمد علی انصاری ، خالد مغل ،مبشر گجر، کمال سرفراز، وسیم انصاری ، لیاقت علی کسانہ ، طارق فرید ، علی گوہر بلوچ، لیبر وونگ ، یوتھ وونگ و دیگر ووٹرز و سپوٹرز بھی موجود تھے ۔ تحریک انصاف کے سابق ٹکٹ ہولڈر پی پی 72 شیخ سلمان عارف و رہنما تحریک انصاف شہباز کسانہ نے عمران خان سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ تنظیمی عہدوں کی بند ربانٹ، بلدیاتی الیکشن کی ناکامی اور اب حالیہ سٹی میئر کے الیکشن میںتحریک انصاف کا اُمیدوار کھڑا نہ کرنے اورمسلم لیگی دھڑوں کی بی ٹیم بننے پر موجود ریجنل قیادت و سٹی تنظیم کو فوراً برخاست کیا جائے ۔ آزاد اور شفاف انکوائری کی جائے بصورت دیگر فیصل آباد تحریک انصاف کے ورکرز پارٹی کے ان غداروں کے خلاف عوامی عدالت میں چلے جائیں گے ۔ مندرجہ ذیل سوالات کی بنیاد پر جماعت میں ڈسپلن ، جزا و سزا اور میرٹ کی پالیسی اپنائی جائے تاکہ 2018ء کے جنرل الیکشن میں یہ پیشہ ور سیاستدان تحریک انصاف کے نظریہ کودفن نہ کر دیں ۔ پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سے پانچ سوال اٹھائے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے جن تنظیمی عہدیداروں نے آج تک پرفارم نہیںکیا پارٹی کو نقصان پہنچایا ان کو بار بار کیوں نوازا گیا؟۔ بلدیاتی الیکشن 2015ء فیصل آباد میں ٹکٹوں کی غلط تقسیم اور بیشتر حلقوں کا خالی چھوڑنا کونسی کامیابی ہے؟۔ پی ٹی آئی کے 20چیئرمینز کے ہوتے ہوئے میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن کیلئے میدان خالی کیوں چھوڑا ؟۔ اگر ممتاز چیمہ پارٹی کا متفقہ امیدوار تھا تو بلے کی بجائے ریفریجریٹر نشان کیوں لیا گیا؟۔

ای پیپر-دی نیشن