کرسمس پر داعش کے ہمدرد امریکہ میں حملے کرسکتے ہیں، ایف بی آئی کا انتباہ
واشنگٹن (صباح نیوز) کرسمس کے موقع پر امریکا میں دہشت گرد حملوں کے خطرے کے پیش نظر ایف بی آئی نے وارننگ جاری کردی۔امریکی اخبار کے مطابق ایف بی آئی نے وارننگ میں کہا ہے کہ داعش کے دہشت گرد شاپنگ سینٹرز، ٹرینیں، عوامی مراکز اور حصاص تنصیبات کو نشانہ بناسکتے ہیں جبکہ ایف بی آئی کی وارننگ کے بعد اوباما انتظامیہ نے ملک بھر میں سیکورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ واضح رہے کہ برلن ٹرک حملے کے بعد یورپ بھر میں سیکورٹی سخت ہے جبکہ جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے سیکورٹی پالیسی اور اسلحہ سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ ایف بی آئی نے کہا داعش کے ہمدردوں سے آگاہ رہا جائے جو عوامی اجتماعات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے مخصوص اور ٹھوس خطرہ موجود نہیں۔ جاری بیان میں کہا گیا داعش کی حامی ویب سائٹس پر امریکہ میں عوام کیلئے دستیاب چرچز کی فہرست پوسٹ کی گئی ہے۔ ایف بی آئی آن لائن جاری ہونیوالی فہرستوں سے آگاہ ہے اور معاملے کو دیکھ رہی ہے۔ دریں اثنا امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو مصر سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا مصر میں سیاحوں کے اہم مقامات پر سکیورٹی انتظامات ہیں تاہم ملک میں کہیں بھی دہشت گرد حملے ہو سکتے ہیں۔ امریکیوں کو مغربی اور سینا کے صحراؤں کی طرف سفر سے گریزاں کرنا چاہیے۔