کرم ایجنسی: افغانستان سے گدھے پر لایا گیا بارودی مواد فورسز کی فائرنگ سے پھٹ گیا
ڈیرہ بگٹی/ ہنگو/ اٹک (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) میرہ عرف متوجز سمیت 11فراریوں نے ڈیرہ بگٹی میں ہتھیار ڈال دیئے۔ ہتھیار ڈالنے والے فراری سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں کرم ایجنسی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ افغانستان سے گدھے پر لاد کر پاکستانی حدود میں لایا جانے والا بارودی مواد سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے پھٹ گیا۔ پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغان صوبے پکتیا سے خرلاچی گیٹ کے ذریعے کرم ایجنسی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور اس نے گدھے پر بارودی مواد رکھا ہوا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن اسکے نہ رکنے پر فائرنگ کر دی گئی جس کے نتیجے میں گدھے پر لادا گیا بارودی مواد پھٹ گیا، دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں فتح جنگ کے علاقے میں حساس اداروں اورپولیس نے سرچ آپریشن کر کے مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی بر آمد ہوا۔ گرفتار افراد سے2 فوجی کٹیں، 9 لانگ رینج دوربین، 7 سرچ لائٹ، 13 موبائل، پستول، رائفل اورگولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سرچ آپریشن کیا اور 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
بارودی مواد پھٹ گیا