• news

شدید دھند برقرار، میاں چنوں اور قصور میں ٹریفک حادثات،18 افراد زخمی

اسلام آباد + لاہور + میاں چنوں + قصور (ایجنسیاں + نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر میں اتوار کو بھی شدید دھند کا راج قائم رہا اورحد نگاہ کم ہوگئی، لاہور ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے درجنوں پروازیں متاثر ہوگئیں جب کہ اس دوران ایم 2 لاہور سے سیال موڑ تک موٹروے بند رہی، جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں دھند کے باعث میاں چنوں میں 2 بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث 14 مسافر زخمی ہو گئے جبکہ قصور میں ٹرالر سے ٹکرا کر 4موٹر سوار زخمی ہو گئے۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیرسمیت خیبر پی کے کے مختلف شہروں میں سردی بڑھنے سے لکڑی، گرم کپڑے اور خشک میوہ جات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ ملکہ کوہسار مری میںاتوار کو بھی خشک ہوائیں چلی رہیں، جبکہ شمالی بلوچستان میں خشک سردی کے باعث علاقے میں موسمی بیماریاں عام ہوگئی ہیں۔ دھند کے باعث موٹروے کالا شاہ کاکو سے پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک بند کر دی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا۔ کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ علاوہ ازیں میاں چنوں میں میاں چنوں تلمبہ روڈ بائی پاس چوک میں دھند کے باعث یوٹرن لیتے ہوئے دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں،جس کے نتیجہ میں 14مسافر زخمی ہوئے، 6افراد کو شدید زخمی ہونے پرٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا،زخمیوں میں عبدالرشید،محمد عرفان، محمدسجاد ،محمد حسن ،محمد وسیم اور بلقیس بی بی شامل ہیں۔ ادھر قصور میں گنڈا سنگھ روڈ پر چارتیز رفتار موٹرسائیکل سوار دھند کے باعث آگے جانے والے ٹرالہ سے ٹکرا کر زخمی ہو گئے۔ کاشف، ثاقب، فیاض اور محمد علی ایک ہی موٹرسائیکل پر سوار ہوکر گنڈا سنگھ روڈ پر جا رہے تھے کہ بستی بھیڑیاں کے قریب آگے جانیوالی ا ٹریکٹر ٹرالہ دکھائی نہ دینے پر اس سے ٹکرا گئے جس سے چاروں زخمی ہو گئے، جنہیں علاج کے لئے ڈسٹر کٹ ہسپتال قصور پہنچا دیا گیا ہے۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں دھند کے باعث بس حادثہ میں زخمی ہونے والی ایک اور خاتون ہسپتال میں دم توڑ گئی،حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی۔حافظ آباد میں گذشتہ روز سیالکوٹ سے سانگلہ ہل جانے والی تیز رفتار مسافر بس سکھیکی روڑ پر دھند کے باعث بے قابو ہو کر سیم نالہ میں گر گئی جس سے 6افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ زخمی خاتون کشور بی بی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن