• news

حکومت بوکھلاہٹ کا شکار، پیپلز پارٹی کو کھڈے لائن لگانا چاہتی ہے: قمر زمان کائرہ

سکھر (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ پیپلز پارٹی کو کھڈے لائن لگانا چاہتی ہے۔ انور مجید کو پھنسانا حکومتی چال ہے۔ مطالبات نہ مانے گئے تو سڑکوں کی سیاست کریں گے۔ سکھر میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسلحہ کی برآمدگی پر وزیر داخلہ نے کبھی بات نہیں کی لیکن زرداری کی واپسی کے وقت انور مجید کے دفاتر پر چھاپے مارے گئے جو پیپلز پارٹی کو ہراساں کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا آصف زرداری کی وطن واپسی اور انور مجید کے دفتر پر کارروائی سے وزیراعظم لا علم ہیں؟ انور مجید کاروباری شخصیت ہیں، وہ دہشتگردی کے سہولت کار ہو سکتے ہیں یہ بات عقل تسلیم نہیں کرتی، کراچی کے لوگ یہ بات مانیں گے اور نہ عدالتوں میں یہ چل پائے گی۔ اس سے پہلے ڈاکٹر عاصم پر بھی ایسے ہی دہشتگردی کا کیس بنایا گیا تھا لیکن پیپلزپارٹی حقیقی جمہوری قوت ہے اور ایسے حربوں کے استعمال سے اسے دبایا اور زیر نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن