ساہیوال: والدین سے جھگڑ کر 2 خواتین فیصل آباد میں لڑکی کی خودکشی
ساہیوال/ فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) والدین سے جھگڑ کر 2 خواتین جبکہ فیصل آباد میں نامعلوم وجوہات پر لڑکی نے زہر کھا کر خود کشی کر لی۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد کے چک 9-108؍ ایل کے نذیر احمد کی بیٹی صائمہ کی شادی کے مسئلہ پر اسکے والدین سے جھگڑا ہوگیا لیکن والدین نے اس کی مرضی کے خلاف شادی طے کردی جس پر صائمہ نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں اور بیہوش ہوگئی جسے سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ فرید ٹائون میں ایک شادی شدہ گھریلو ملازمہ صاعقہ نے اپنے خاوند فیض احمد سے روٹھ کر میکے چلے گئی والدین نے اسے اس کے خاوند کے گھر جانے کیلئے ضد کی تو والدین سے جھگڑ کر اس نے زہر کھا لیا جسے بیہوشی کی حالت میں سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ فیصل آباد کے تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ ذوالفقار کالونی میں بائیس سالہ لڑکی ثمینہ نے زہر کھا کر خودکشی کر لی اس کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ ہسپتال کے سردخانے میں منتقل کر دیا گیا۔ اہل محلہ کے مطابق لڑکی کو زہر دے کر قتل کیا گیا جبکہ گھر والوں کے مطابق لڑکی نے خود کشی کی۔