ٹریفک حادثات، کنجوانی، بچی سمیت 3 افراد گگومنڈی میں ایم این اے کا برادر نسبتی جاں بحق
کنجوانی+ ساہیوال + گگومنڈی (نامہ نگاران) کنجوانی میں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل پر سوار 6 سالہ بچی سمیت 3 افراد کو کچل کرمار ڈالا جبکہ گگو منڈی میں کار کی ٹکر سے ایم این اے کا برادر نسبتی دم توڑ گیا، تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں چک 549 گ ب تیمور شاہ کا رہائشی مظہر ولد خان اپنی رشتہ دار خاتون عطائے بتول دختر محمد ریاض اور 6 سالہ بچی کے ہمراہ ساہیوال جا رہا تھا محمد پور روڈ پر چک عبدل کے قریب سامنے سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی جس سے موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ٹریکٹر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ علاوہ ازیں گگومنڈی میں ممبر قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم کے برادری نسبتی اور سابق وفاقی وزیر سید ساجد مہدی نسیم کے بھتیجے معروف زمیندار ظہیر احسن شاہ اپنے ملازم مقبول احمد کے ہمراہ بورے والا سے دیوان صاحب کی طرف جا رہے تھے کہ جب وہ 329 ای بی کے قریب پہنچے تو انکی کار سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں سید ظہیر احسن شاہ اور ان کا ملازم مقبول شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا منتقل کر دیاگیا جہاں سید ظہیر احسن شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ ملازم کی حالت تسلی بخش بیان کی جاتی ہے۔