اسحاق ڈار کو فون، سندھ طاس معاہدے پر ذمہ داریاں پوری کریں گے: صدر عالمی بنک
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) عالمی بنک کے صدر جم یونگ کم نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ان کے خط پر تبادلہ خیال کیا۔ عالمی بنک کے صدر نے سندھ طاس معاہدے کے معاملے کے ممکنہ حل کے لئے بھرپور کوشش کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس معاملہ پر ذمہ داریاں پوری کرینگے۔ 23 دسمبر کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بنک کو سندھ طاس معاہدے کے مسئلے پر بنک کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے حوالے سے خط لکھا تھا۔ واضح رہے کہ عالمی بنک نے سندھ طاس معاہدے کے مسئلے کے حل کے لئے پاکستان کی جانب سے ثالث اور بھارت کی جانب سے غیر جانبدار ماہر کی تقرری کی درخواست مسترد کر دی تھی عالمی بنک نے موقف اختیار کیا تھا کہ جلد بازی اور بے ڈھنگ فیصلوں سے سندھ طاس معاہدے کی منسوخی کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے بہتر یہ ہے کہ دونوں ممالک اپنا کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پاک بحریہ سمندری حدود کی احسن طریقے سے حفاظت کر رہی ہے۔ قومی سلامتی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے‘ قومی سکیورٹی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔