ٹوبہ: کرسمس پر زہریلی شراب پینے سے22 افراد ہلاک،18 کی حالت تشویشناک
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) کرسمس پر زہریلی شراب پینے سے 20مسیحیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 18کی حالت تشویشناک ہے۔ کرسمس کے روز محلہ مبارک آباد میں مسیحی برادری کے بیسیوں افراد نے شراب نوشی کی، زہریلی شراب پینے سے خاتون سمیت 40سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جن کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر تنویر مسیح‘ رضوان مسیح‘ ساجد مسیح، یعقوب مسیح، امین مسیح، شہباز مسیح، یونس مسیح‘ دانیال مسیح‘ عثمان سموئیل اور محلہ راجہ پارک کا رہائشی آصف رزاق اور عبدالجبار، اسلم مسیح اور بشارت مسیح ہلاک ہوگئے جبکہ متاثرہ افراد میں سے 21 کی حالت انتہائی تشویشناک ہونے کے باعث انہیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا جبکہ سموئیل مسیح، کشن مسیح، کامران مسیح، اسلم مسیح، شامیر مسیح، صادق مسیح، سکندر مسیح، امن مسیح، رشید مسیح، سفیان مسیح، عاشر جان، خاتون زرینہ کا علاج ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے تاحال کسی بھی شراب فروش کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس پر مسیحی برادری شدید سراپا احتجاج ہے۔ مسیحی برادری نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔شراب لانے والے شہزاد مسیح اور ساجد مسیح بھی ہلاک ہو گئے۔ ڈی پی او اور ڈی سی او ٹوبہ نے تحقیقات کیلئے ڈی ایس پی صدر ٹوبہ عاطف عمران قریشی کی قیادت میں کمیٹی بنا دی ہے۔ جو اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔