اپوزیشن متحد ہو جائے تو 2018ء سے پہلے الیکشن ہو سکتا ہے: شجاعت
کراچی (سٹاف رپورٹر) سربراہ (ق) لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نیت ٹھیک ہو تو گرینڈ الائنس بن سکتا ہے، اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو حکومت اپنی مدت پوری کر لے گی، انتخابی اصلاحات کیلئے بنائی گئی کمیٹی فضول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلے کہا تھا سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہو گا مگر اب وہ یوٹرن لے رہے ہیں، ساری قوم کا سپریم کورٹ پر اعتماد ہے، جو بھی فیصلہ آئے گا وہ ساری قوم کو قبول ہوگا، ق لیگ کے سربراہ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر بنائی گئی کمیٹی فضول ہے اور اگر نیت ٹھیک ہو تو گرنیڈ الائنس بن سکتا ہے، 2018ء سے پہلے الیکشن ہو سکتا ہے اگر اپوزیشن متحد ہو جائیں تو، انہوں نے مشہور مذہبی سکالر جنید جمشید کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے بھی تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، اہلخانہ کو اس عظیم صدمے پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا، اس موقع پر جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے کہا کہ جو حادثہ ہونا تھا ہو گیا اس کا ازالہ ممکن نہیں مگر آئندہ سے حادثات سے بچنے کیلئے تحقیقات ایمانداری سے ہونی چاہئے اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے۔