• news

بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونگی: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مودی سرکار امریکہ اور اسرائیل کی شہ پر کشمیر پر اپنا قبضہ مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی سازشیں اسی سلسلہ کی کڑی ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ جہاں کشمیریوں کا خون بہے گا وہیں ہمارا لہو گرے گا۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کشمیریوں کے سامنے بے بس ہو چکی ہے۔ مظلوم مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں بھارت کو جلد کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی باتیں کر کے اپنے ظلم و دہشت گردی پر پردہ ڈالنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ بیرونی قوتیں داعش جیسی تنظیموں سے مسلمانوں کا قتل کروا کے اسلام کو بدنام کر رہی ہیں۔ علماءکرام اور اساتذہ مسلم امہ کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں۔ مسلمانوں کو باہم متحد کریں اور فرقہ وارانہ لڑائی جھگڑے ختم کئے جائیں۔ سندھ اسمبلی کے متنازعہ بل کو مسترد کرتے ہیں‘ اس سلسلہ میں تاخیری حربے استعمال کرنا درست نہیں ہے۔ وہ مرکز طیبہ مریدکے میں اساتذہ جماعةالدعوة کے زیر اہتمام علماءکرام اور اساتذہ کی ملک گیر تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت نے کشمیر میں اپنی آٹھ لاکھ فوج داخل کر کے ظلم وبربریت کی انتہا کر رکھی ہے۔ ہم مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ کشمیری و پاکستانی مسلمانوںکو جدا نہیں کیا جاسکتا۔ دشمن مسلمانوں کیخلاف دہشت گردی کا جھوٹا پروپیگنڈ اکر کے چاہتا ہے کہ وہ جو مرضی سازشیں کرتے رہیں کوئی انہیں پوچھنے والا نہ ہو۔ بھارت کی طرف سے غیر کشمیریوں کو آباد کر کے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ہم ہر طرح سے کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شام کا مسئلہ یہودیوںکا پیدا کردہ ہے۔ شام کے مہاجرین کی بھرپور خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت بیرونی قوتیں سازش کے تحت مسلم معاشروں کو برباد کر رہی ہیں۔ ہمیں کفار کی ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن