• news

پنجاب حکومت کا سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس جمہوریت، آئین کے خلاف ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016ءجمہوریت اور آئین کے آرٹیکل 140-A کی روح کے خلاف ہے، آئین بلدیاتی اداروں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اعتبار سے مضبوط کرنے کی بات کرتا ہے مگر پنجاب حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے اپنے ہی منتخب میئرز اور چیئرمینوں کے اختیارات چھین کر سرکاری ملازمین، ڈپٹی کمشنرز کو دے دئیے۔ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں منتخب عوامی نمائندوں کے گریبان سرکاری ملازمین کے ہاتھ میں دے دئیے گئے؟ نومنتخب میئرز اور چیئرمین اپنے انتخاب کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے کی بجائے آئینی اختیارات کے حصول کیلئے فکر مند ہوں۔ اگر یہ اختیارات انہیں نہ ملے تو پھر ان کا واحد کام عوام کی خدمت نہیں وزیراعلیٰ اور وزراءکے ضلعی دوروں کے موقعوں پر خیر مقدمی بینر لگوانا، سڑکوں کو صاف کروانا اور جلسہ گاہ میں کرسیاں لگانا رہ جائیگا۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدور بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ اور شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق لِلہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے۔ طاہر القادری نے کہا کہ منتخب چیئرمینوں کو ڈپٹی کمشنر ز کے سامنے جواب دہ بنانا عوامی نمائندوں کی توہین ہے۔ اگر اضلاع میں ترقیاتی کام اور کچہریاں ڈپٹی کمشنرز کا اختیار ہے تو منتخب بلدیاتی نمائندوں کا کیا کام ہے؟ 8 سال تک عوام کو آئینی بلدیاتی اداروں سے محروم رکھا گیا اور اب اختیارات سلب کر کے ان اداروں کو کٹھ پتلی بنا دیا گیا۔ دنیا بھر میں بلدیاتی اداروں کو عوامی خدمت کے اداروں کا مقام حاصل ہے ۔ 40فیصد تک کا بجٹ بلدیاتی اداروں کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے مگر شریف برادران خاندانی اجارہ دار ی کو جمہوریت سمجھتے ہیں اسی لیے انہوں نے یہ فیصلہ منتخب صوبائی اسمبلی سے کروانے کی بجائے آرڈیننس کا سہارا لیا جو بدنیتی پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمشنری نظام غاصب انگریز کی باقیات ہے اسے بحال کر کے انگریز دور کی یادوں کو تازہ کیا گیا۔ برصغیر پر قابض انگریز نے اپنے قبضہ کو مستحکم کرنے کیلئے کمشنری نظام مسلط کیا تھا جسے شریف برادران نے دوبارہ بحال کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات اور وسائل سے محروم بلدیاتی ادارے گراس روٹ کے عوام کی کوئی خدمت نہیں کر سکیں گے۔
طاہرالقادری

ای پیپر-دی نیشن