• news

”لاسٹ کرسمس آئی گیو مائی ہارٹ“ معروف برطانوی گلوکار جارج مائیکل 53 برس کی عمر میں کرسمس کے روز انتقال کرگئے

لندن (اے ایف پی) معروف برطانوی گلوکار جارج مائیکل گذشتہ روز انتقال کر گئے۔ انکی اچانک موت سے دنیائے موسیقی سوگ میں ڈوب گئی۔ انتقال کے وقت جارج مائیکل کی عمر 53 سال تھی۔ انکے خاندان نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پیارا بیٹا بھائی اور دوست کرسمس کے روز ہمیں روتا چھوڑ گیا۔ یاد رہے کہ منشیات کے بے تحاشا استعمال کے باعث جارج مائیکل کو عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔ وہ 1980ءکی دہائی میں ”ویم“ بینڈ کے ذریعے موسیقی کی دنیا میں متعارف ہوئے۔ انکا سب سے مشہور گیت ”لاسٹ کرسمس آئی گیو مائی ہارٹ“ ہے جس نے ہر دل کو چھو لیا جبکہ فریڈم، کیئرلیس وسپر اور ویک می اپ بی فور یوگو گو بھی بہت مشہور ہوئے۔ جارج مائیکل برطانیہ کے علاقے آکسفورڈ شائر میں رہتے تھے۔ تھیمز ویلی پولیس حکام کے مطابق جارج مائیکل کی اچانک موت کے سبب ان کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔ جارج مائیکل کے انتقال پر معروف برطانوی موسیقار اور گلوکار ایلٹن جان نے کہا کہ میرا محبوب مجھ سے بچھڑ گیا۔ گلوکارہ میڈونا نے کہا کہ ایک بہت بڑا فنکار ہمیں اداس چھوڑ گیا۔ گلوکارہ لٹویا جیکسن نے ٹویٹر پر لکھا کہ جارج مائیکل نے ہمیں اور دنیا کو عظیم گیتوں کے تحفے دیے۔ واضح رہے جارج مائیکل شمالی لندن میں 1963ءمیں پیدا ہوئے۔ 1980ءسے 1995ءتک انکے کیریئر کا عروج رہا، تاہم وہ منشیات کے استعمال، گاڑیوں کے حادثات، ہم جنس پرستی اور سرعام جنسی حرکات کرتے گرفتاری جیسے تنازعات میں گھرے رہے اور آہستہ آہستہ دنیائے موسیقی سے دور ہو گئے۔ 2013ءمیں بھی جارج مائیکل شدید بیمار پڑے اور موت کے منہ میں پہنچ گئے تھے۔
جارج مائیکل

ای پیپر-دی نیشن