• news

اسلام آباد:زرداری نے عام توقعات کے برعکس سیاسی محاذ آرائی سے گریز کی پالیسی اپنائی

اسلام آباد (جاوید صدیق) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی پر عام توقعات کے برعکس سیاسی محاذ آرائی سے گریز کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ وہ سرپرائز جس کا بڑا چرچا تھا وہ یہی نکلا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو دونوں ضمنی انتخابات لڑ کر قومی اسمبلی میں جائیں گے۔ بلاول کی طرف سے سیاسی لانگ مارچ شروع کرنے کے اعلان کو بھی محاذ آرائی یا تصادم کا اعلان نہیں سمجھا جا رہا۔ آصف زرداری کا خیال ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں پہنچ کر مفاہمت اور جوڑ توڑ جس کے وہ ماہر سمجھے جاتے ہیں کے ذریعہ حکومت کو چیلنج کریں گے۔ بعض سیاسی حلقوں کی رائے یہ ہے کہ پی پی پی کے کرتا دھرتا آصف علی زرداری اگلے عام انتخابات پر نظریں جمائے ہوئے ہیں ان کی کوشش ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں کسی طرح اپنی کھوئی ہوئی پوزیشن بحال کر لے لیکن آصف زرداری کے لئے یہ کام اتنا آسان نہیں ہو گا۔ آصف زرداری البتہ دوسری جماعتوں کے ساتھ مفاہمت اور جوڑ توڑ کے ذریعہ سیاسی الائنس بنانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن