• news

ذوالقرنین خان نے پاکستان باکسنگ کونسل ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت لیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ذوالقرنین خان نے چیلنج بائوٹ مقابلہ میں بلوچستان کے باکسر نصیب اللہ آغا کو شکست دے کر پاکستان باکسنگ کونسل کا ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت لیا جبکہ پنجاب کے مزمل عثمان نے بلوچستان کے بشیر احمد کو سخت مقابلے میں شکست دے کر لائٹ فلائی ویٹ ٹائٹل حاصل کیا۔ اسلامیہ کالج سول لائنز لاہور میںپنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے سابق صدر مرحوم سید محمد غزنوی کی یاد میں ہونے والے باکسنگ کے ایونٹ پی بی سی کے چیف آرگنائز جاوید عاشق ،کرنل عارف ملک اور ملک صدیق نے جیوری کے فرائض سر انجام دیئے جبکہ بشیر شجاع ،ایم بابر ،امتیاز اور عمران ججز تھے۔ ذوالقرنین خان اور نصیب اللہ آغا کے مابین ہونے والے چیلنج بائوٹ مقابلہ میں ذوالقرنین نے اپنے کھیل کا آغاز بہتر تکینک کے ساتھ شروع کیا اور تمام رائونڈز میں اپنی برتری برقرار رکھی ۔نصیب اللہ آغا نے بھی مقابلہ کے دوران جرات کا مظاہرہ کیا اور مار کھانے کے باوجود مقابلہ سے دست بردار نہ ہوئے ۔ساتویں رائونڈ میں زخمی ہونے کے باوجود وہ مقابلے کے اختتام تک جواں مردی کے ساتھ رنگ میں ڈٹے رہے ۔ذوالقرنین نے نصیب اللہ کو شکست دے کر بیلٹ اور 14000روپے کا انعام جیت لیا جبکہ رنر اپ کو چھ ہزار روپیہ ملا ۔لائٹ فلائی ویٹ فائیٹ میں مضمل کو بشیر سے کامیابی حاصل کرنے کے لئے اپنی تمام توانائیوں اور طاقت کا استعمال کرنا پڑا ۔دونوں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا لیکن فتح مضمل کو نصیب ہوئی ۔ایونٹ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیوی ویٹ چیمپئن ذوالقرنین نے اپنی فتح کو مرحوم کوچ یوسف بٹ کے نام کردیا ۔انہوں نے انٹرنیشنل سطح پر بھی ایسی ہی پرفارمنس دکھانے کا عزم ظاہر کیا ۔

ای پیپر-دی نیشن