مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز پر حملے، ایک اہلکار زخمی، کشمیری وکلاء ہڑتالی کیلنڈر سے مستثنیٰ قرار
سرینگر(کے پی آئی+این این آئی) جنوبی کشمیر میں مجاہدین نے دو الگ الگ مقامات پر بھارتی فورسز پر حملہ کیا جس سے ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا جبلی پورہ بائی باس بجبہاڑہ میں اس وقت خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جبمجاہدین اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا ،لیکن عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔بانڈی پورہ میں ایک کانگرسی پنچایتی ممبر بشیر احمد شیخ کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔ مسلم دینی محاذ کے ناظم تعلیم وتربیت مفتی محمد ندیم کے گھر پر بھارتی فورسز نے چھاپہ مار کر اہل خانہ کو ہراساں کیا۔مسلم دینی محاذ کے ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران افراد خانہ کو سخت خوفزدہ کیا گیا اور مفتی ندیم کے بھانجے محمد آصف کو گرفتار کرلیا ۔ سرینگر میں امریکہ، روس او ر اسرائیل سمیت غیر ملکی شہریوں پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں ایک بھارتی شہری کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی گئی ہے ۔ مسیع الدین نامی بھارتی شہری پر الزام ہے کہ وہ داعش کا کارکن ہے اور اس نے سرینگر میں جامع مسجد کے باہر احتجاجی مظاہروں کے دوران داعش کا پرچم لہرایا تھا۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ حقیقی چیئر مین جا وید میر نے را ج با غ پولیس تھا نے میں قیدفریڈ م پارٹی کے محبوس چیئر مین شبیر احمد شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ان کی خیرو عافیت دریافت کرنے کے علاوہ موجودہ صورتحا ل پر تبا دلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے بعد جا وید احمد میر نے فریڈم پارٹی کے رہنما کی مسلسل نظر بندی کو سیاسی انتقام گیری قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ دہرایا۔حریت قائدین علی گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کشمیری وکلا کو ہڑتالی کلینڈر سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔کشمیری وکلا سے کہا گیا وہ عدالتوں میں جائیں اور ہزاروں کشمیری قیدیوں کے مقدمات کی پیروی کریں۔ حریت کانفرنس کے احتجاجی کلینڈر میں5روزہ ڈھیل کے تیسرے روز سرینگر میں کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں تاہم خریداروں کی بہت کم تعداد نظر آئی۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کاا صل اور بنیادی مقصد جموںوکشمیر پر بھارت کے جبر ی قبضے کا خاتمہ ہے اور کٹھ پتلی انتظامیہ تعمیر و ترقی کے خواب دکھا کر انہیں جدو وجہد آزادی کے راستے سے ہٹا نہیں سکتی ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا غلام قومیں اپنے خون سے آزادی کی تقدیر رقم کرتی ہیں لہذا ،عمارتوں ،سڑکوںاور پلوں کا جال بچھانے کے وعدوں کے ذریعے انہیں اپنے مقصد سے دور نہیں کیا جاسکتا ۔ بھارتی پارلیمنٹ کے ذریعے کسی بھی آئینی ترمیم کا ریاست جموں وکشمیر پر دفعہ 370کے تحت ملکی صدر کے حکم کے بغیر عدم اطلاق دہلی کی عدالت عالیہ میں چیلینج کر دیا گیا ہے اور اسے مذکورہ عدالت نے سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے اسکی تاریخ اگلے ماہ کے اوائل میں مقرر کی ہے۔