• news

عوام نے دھرنا گروپ کے عزائم ناکام بنا ئے ، جعلی ادویات بنانے والوں کو سخت سزائیں دیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت مخلصانہ کاوشیںکر رہی ہے۔ دھرنا گروپ نے ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی لیکن عوام نے ان کے عزائم کو ناکام بنایا اور عوام کی ترقی کے مخالفین کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت احتجاج یا افراتفری کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کی سیاست ہوگی۔ انتشار کی سیاست کرنے والے آج تنہا ہو چکے ہیں۔ وہ حنیف عباسی سے گفتگو کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دور آمریت میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا اور اس وقت کے حکمرانوں نے کاغذی منصوبوں کے ذریعے اپنی جیبیں بھریں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا گیا ہے۔ پاکستان میں انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور صحت کے شعبہ کی بہتری کے لئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ جعلی و غیر معیاری ادویات تیار کرنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں اور اس مکروہ کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جعلی و غیرمعیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سزائیں اور جرمانے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں ڈرگ ایکٹ میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر شاہ محمد شاہ سے ملاقات میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ توانائی بحران اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کئے گئے ہیں۔ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان بھر میں بجلی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے۔ انشاء اللہ 2017ء کے آخر تک لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے خدمت کے سفر میںرخنہ ڈالنے والے ان عناصر کی منفی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز لاہور سے بیجنگ میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چینی کمپنیوں کے سربراہان اور پنجاب کے وفد سے خطاب کیا۔ اجلاس میں قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے قائداعظم اپیرل پارک منصوبے میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یہ ایک شاندار منصوبہ ہے، ہماری کمپنیاں اس میں سرمایہ کاری کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے بیجنگ میں چین کی واٹر سیکٹر کی کمپنیوں کے اعلی حکام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ایک بڑا منصوبہ بنایا ہے اورصاف پانی کمپنی کے اعلی حکام کی نااہلی ،غفلت اور غیر پیشہ ورانہ اندازکے باعث منصوبے میں بلاجواز تاخیر ہوئی جس بناپر صاف پانی کمپنی کے اعلی حکام کو معطل کردیا گیا ہے اورکنسلٹنٹس کو بلیک لسٹ کرنے کاحکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح شفافیت کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف گزشتہ روز سینئر کالم نگار، دانشور اور ممتاز صحافی انور قدوائی مرحوم کی رہائشگاہ علامہ اقبال ٹاؤن پر گئے اور وزیراعلیٰ نے انور قدوائی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے سید امان انور اور لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا کے والد ملک اجمل یار ہنجرا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سابق ڈائریکٹر جنرل سپورٹس، پنجاب عبد العزیز مغل کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن