وحدت روڈ پر سلنڈر دھماکے، آتشزدگی سے زخمی 3افراد جناح ہسپتال میں دم توڑ گئے
لاہور(سٹاف رپورٹر)لاہور کے علاقے وحدت روڈ پر ملٹی نیشنل فوڈ چین کے کچن میں سلنڈر دھماکے اور لگنے والی آگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والوں میں سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے، 14 زخمی ابھی بھی جناح ہسپتال کے برن یونٹ میں زیر علاج ہیں جبکہ پولیس نے بلڈنگ کے ٹھکیدار محمد نعیم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔ معلوم ہوا ہے کہ منگل کے روز مسلم ٹائون کے علاقہ وحدت روڈ پر واقع ملٹی نیشنل فوڈ چین کے ریسٹورنٹ کے کچن میں پڑے ایک سلنڈر میں گیس لیکج سے دھماکہ ہوا تھا جس نے باہر پڑے سلنڈروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سلنڈر دھماکے اور آگ لگنے سے 26افراد جھلس گئے تھے جنہیں طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زیر علاج شدید زخمیوں میں سے تین افراد مظفر ،زمان اور سلیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔بتایاگیا ہے کہ ہسپتال میں ابھی بھی 14مریض زیر علاج ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ مخدوم پور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق فوڈ چینی کی کمپنی میں سلنڈر دھماکہ میں دم توڑنے والے تینوں افراد کا تعلق مخدوم پور سے تھا جبکہ علاقہ کے رہائشی 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پانچوں افراد ایک ماہ قبل محنت مزدوری کیلئے لاہور گئے تھے۔