سیاسی اداکار؟
مکرمی! ہمارے ہاں سیاست میں سیاسی اداکار کی اصطلاح عام ہے۔ زیادہ تر اسے وہی استعمال کرتے ہیں جو نہ صرف خود سب سے بڑے اداکار ہیں۔ بلکہ مہاگرو اداکارہیں وقت پڑنے پر جو ایسی ایسی اداکاری کرتے ہیں کہ گھیرا تنگ کرنے والوں کو ان پر ترس آ جاتا ہے۔ سہولتیں مل جانے کے بعد اپنی خود ساختہ بیماریوں کا چولا اتار پھینکتے ہیں اور پھر مربعہ کھائے ہوئے گھوڑوں کی مانند ایسے بھاگنا دوڑنا شروع کر دیتے ہیں جنہیں دیکھنے والے حیران و ششدر رہ جاتے ہیں کہ کیا یہ وہی ہیں چند دن پہلے جن کا گیٹ اپ بیماروں اور لاغر انسانوں والا تھا۔ سیاست میں یہاں سبھی اداکار ہیں۔ چھوٹا کوئی بڑا تو کوئی مہاگرو، اس لئے کسی کو کسی دوسرے پر ایسی طعنہ زنی زیب نہیں دیتی چھاج بولے تو حیرت نہیں ہوتی۔ چھلنیاں بولیں تو عجوبہ لگتا ہے۔ ہمارے ہاں سیاست میں ایسے کئی عجوبے روز نظر آتے ہیں۔ جنہیں دیکھتے ہی سنجیدہ سے سنجیدہ آدمی کی ہنسی بھی چھوٹ جاتی ہے۔ لیکن یہی عجوبے ہیں جو ہمیں لے ڈوبے ہیں۔(محسن امین تارڑ ایڈووکیٹ )