پی ٹی آئی عوامی مینڈیٹ سے2018ء کے الیکشن میں آگے آئے گی: جہانگیر ترین
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی 2018کے الیکشن میں عوامی مینڈیٹ سے آگے آئے گی۔ پاکستان تحریک انصاف ملک پاکستان کا مستقبل ہے اور آئندہ انتخابات کی تیاری جاری ہے۔ جب تک کرپٹ حکمرانوں کا احتساب نہیں ہوگا ہم اپنا مشن جاری رکھیں گے ۔ پیپلزپارٹی کی پلاننگ سمجھ سے بالا تر ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین نے فیصل آباد آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے شیخ خرم شہز اد، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں فرخ حبیب، ویسٹ ریجن پنجاب کے صدر چوہدری اشفاق، جنرل سیکرٹری فیض اللہ کموکا، ضلعی صدر ہیومن رائٹس کمیشن انجینئر رانا مبشر، میاں اوضی، ظفر سندھو، اجمل چیمہ، سید کامران گیلانی، میاں طلحہ و دیگر بھی موجود تھے۔جہانگیر خان ترین نے کہاکہ حالیہ بلدیاتی الیکشن میں جو ہوا اس پر پارٹی کی جانب سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تحقیقات کر کے میرٹ پر فیصلہ کرے گی اور ذمہ داران کو سزا ضرور ملے گی، انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں میں ہمارے فیصل آباد سے واحد ایم پی اے شیخ خرم شہزاد کیخلاف شہر میں مخالف بینرز لگائے گئے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور یہ کسی کا ذاتی اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ایسی حرکت کرنے والوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ ایم پی اے شیخ خرم شہزاد کی پارٹی کیلئے بے شمار خدما ت ہیں ۔ دریں اثناء مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں فرخ حبیب کی رہائش گاہ پیپلزکالونی میںان کے نانا جان کی وفات پر اظہار کرنے کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ملک میں جبر ‘ ظلم ‘ ناانصافی اور کرپشن کی حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔ کرپٹ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ تحریک انصاف کی جدوجہد سچائی پر مبنی ہے قوم اپنے پیسے کا حساب مانگتی ہے اور قزاقوں کا احتساب چاہتی ہے حکومت نے اداروں کو اپنے مفادات کے لیے کمزور کیا جھوٹ اورگٹھ جوڑ کے نیٹ ورک کو پس منظر میں دھکیلنے کے لیے سونامی کی رفتار تیز سے تیز ہورہی ہے یہ تحریک انصاف کے موقف اور جدوجہد کی فتح ہے کہ عوام کے ذہنوں میں آمریت کے خلاف انقلابی سوچ پیدا ہوچکی ہے۔