راولپنڈی :براہ راست جنگ اب ترجیح نہیں رہی، دہشت گردی کو شکست دی، کامیابیاں مستحکم بنانا ہیں: آرمی چیف
راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کو کامیابی سے شکست دے دی ہے۔ تاہم ان کامیابیوں کو مستحکم بنانا ہے۔ پاک فوج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تربیت یافتہ اور تیار ہے، ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے اٹک کے قریب بہادر رینجرز کے دورہ کے دوران پاک اردن مشترکہ فوجی مشقوں فجر الشرق ون کے معائنہ میں فوجی افسروں اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹک کے قریب بہادر رینجرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک اردن مشترکہ فوجی مشقوں فجر الشرق ون کا معائنہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کا مشقوں میں حصہ لینے والے دستوں کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک فوج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تربیت یافتہ اور تیار ہے، پاکستان نے دہشتگردی کو کامیابی سے شکست دے دی ہے تاہم اب کامیابیوں کو مستحکم بنانا ہے جبکہ اب جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ہے اور براہ راست لڑائی کو فوقیت نہیں دی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ہماری کامیابیوں کو مثال کے طور پر لیا جاتا ہے۔ جبکہ مشترکہ مشقیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا ذریعہ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مشقوں میں شرکت پر اردن آرمی کا شکریہ ادا کیا، انسداد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کی افواج میں تربیت کیلئے ایک دوسرے کے تجربات کا تبادلہ کرنے سے متعلق یہ دو ہفتوں کی طویل مشقیں تھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کامیاب مشقوں کے انعقاد پر شرکاء کو مبارکباد دی اور فوج کی جانب سے پیش کی گئی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعلی معیار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مشقیں پیشہ ورانہ مہارت بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں۔ بعد میں آرمی چیف نے مشقوں میں حصہ لینے والے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی۔ کامیاب مشقوں کے انعقاد پر آرمی چیف نے شرکاء کو مبارکباد دی۔ اس سے قبل ٹریننگ ایریا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی ٹی اینڈ ای لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔ جی او سی سپیشل سروسز گروپ بھی اس موقع پر موجود تھے۔