پی سی بی کابھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کااعلان
لاہور+کراچی (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین شہر یار خان نے معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے پربھارتی کے کرکٹ بورڈکے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔کراچی میں پی سی بی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ بھارت نے ایم او یو پر دستخط کیے لیکن سیریز نہیں کھیلی جس کا نقصان پورا کیا جائے۔بھارت نے طے شدہ دو سیریز نہ کھیل کر دو سوملین ڈالر کا نقصان پہنچایا جس کا ازالہ ہونا چاہیے۔وزیرداخلہ اور دیگر وزرا سے اس حوالے سے بات ہوئی ہے۔بھارت اب چمپیئنز ٹرافی میں کھیلنے سے انکار کررہا ہے لیکن ہم ان سے کہیں گے کہ آپ نے سیریز کا وعدہ کرنے کے باوجود نہیں کھیلی مگر ان کے پاؤں نہیں پڑرہے ہیں۔یہ شبہات اٹھائے جارہے ہیں کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں نہیں ہورہا ہے لیکن ہماری طرف سے کوئی شک نہیں ہے ہم خود چاہتے ہیں اور جو لوگ آنے سے گریز کررہے ہیں ان سے بات کررہے ہیں۔