سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ صفورہ کے 3 ملزموں کو ضمانت پر رہا کر دیا
کراچی(صباح نیوز) سانحہ صفورہ میں ملوث ملزموں کی سہولت کاری کے الزام میں گرفتار سلطان قمر صدیقی، حسین عمر صدیقی اور ساجد پینا کو سندھ ہائی کورٹ نے جمعہ کوضمانت پر رہا کر دیا۔ ملزموں کی ضمانت کے لئے ان کے اہل خانہ نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ ملٹری عدالت نے قرار دیا تھا کہ ان ملزموں کا سانحہ صفورہ سے کوئی تعلق نہیں۔ سانحہ صفورہ کے مقدمے میں ملوث 6 ملزموں طاہر عرف منہاس، سعد عزیز، اسد الرحمان، حافظ عمر، حافظ ناصر اور اظہر عشرت کو ملٹری کورٹ سے پھانسی کی سزا ہو چکی ہے جبکہ سیدعبداللہ منصوری، علی رحمن عرف ٹونا سمیت 4 ملزموں کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ سانحہ صفورہ کا ایک مرکزی ملزم مستری پٹھان رینجرز کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا جبکہ سعود نامی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا۔ اس سانحے میں ملوث ایک ملزم زاہد عرف موتی تاحال مفرور ہے۔
سانحہ صفورہ/ ضمانت