حکومتی قرضوں میں اضافہ ہو گیا، پاکستان ٹیکس آمدن بڑھانے ، منی لانڈرنگ روکنے کے لئے کوششیں تیز کرے: آئی ایم ایف
اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی+ نوائے وقت نیوز)آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت میں اصلاحات کیلئے حکومتی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ3 سال میں حکومتی آمدنی میں حوصلہ افزاء اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستانی حکومت منی لانڈرنگ کے سد باب کیلئے کوششیں کر رہی ہے تاہم کوششیں مزید تیز کرنی ہوں گی۔ حکومت ٹیکس آمدنی بڑھانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے، ٹیکس چھوٹ کے خاتمے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے سے محاصل بڑھے ہیں۔ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر معیشت پر کالے دھن کے اثرات ختم کرنے کیلئے پیشرفت کرے۔ ٹیکس ٹوجی ڈی پی میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔ معاشی نمو 5 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔ حکومتی قرض گیری پر عالمی ادارے نے کہا کہ اگرچہ اس میں اضافہ ہوا ہے لیکن ریفارمز پروگرام کے ذریعے اس پر قابو پانا ممکن ہے۔ صباح نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے ٹیکس آمدنی بڑھانے اور منی لارڈنگ کے سدباب کیلئے جاری کوششوں کو مزید تیز کرنے کا مشورہ دیا تاکہ معیشت سے کالے دھن کے اثرات ختم ہوں۔