• news

اسلام آباد : جسٹس فائز عیسیٰ کا نوٹس کالے شیشوں پر وزیر داخلہ کے 2سٹاف افسروں کی گاڑیوں کا چالان

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی،نمائندہ نوائے وقت) وفاقی دارالحکومت میں کالے شیشے والی وزیرداخلہ کے دوسٹاف آفیسرزکی گاڑیوں کو روک لےا گےا۔ دوپہر 12 بجے کے قریب پنجاب ہاﺅس کی طرف جانے والی پولیس کی دو ڈبل ڈور پک اپ گاڑیوں کو پنجاب ہاﺅس اور ججز کالونی کی داخلی پولیس چوکی پر روک لیا گیا اور باضابطہ شناخت کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی ۔ دونوں گاڑیاں اسلام آباد پولیس کے ایک ایس پی اور اے ایس پی کے زیر استعمال تھیں اور دونوں افسران اپنے سرکاری فرائض کیلئے جا رہے تھے ۔ دونوں افسران وزیرداخلہ چوہدری نثار کے سٹاف آفیسرز ہیں ۔ اسی دوران سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ کا اس پولیس چوکی سے گزر ہوا تو انہوں نے ان گاڑیوں کے شیشوں پر لگے کالے پیپر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود انسپکٹر نذر محمد کو گاڑیوں کا چالان کرنے کاحکم دیا اور سپریم کورٹ کے ایس پی سیکیورٹی کو اپنی رہائشگاہ پر طلب کیا ۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے ایس پی سیکیورٹی احمد اقبال چند منٹ بعد ججز کالونی پہنچے تو اسی دوران ٹریفک پولیس کو بھی طلب کرلیا گیا اور دونوں گاڑیوں کے چالان کر دیئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق فاضل جج نے ایس پی احمد اقبال سے بات کرتے ہوئے ججز کالونی جیسے حساس علاقے میں کالے شیشے والی گاڑیوں کی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا اور ایس پی کو یہ گاڑیاں ضبط کرنے اور شیشوں پر لگے کالے پیپراتارنے کے احکامات جاری کیے ۔ذرائع کے مطابق ایس پی احمد اقبال نے فاضل جج کو بتایا کہ قانون کے مطابق یہ گاڑیاں ضبط نہیں کی جا سکتی کیونکہ یہ پولیس کی سرکاری گاڑیاں ہیں اوران کا صرف چالان کیا جاسکتا ہے۔
کالے شیشے گاڑیاں

ای پیپر-دی نیشن